ایف بی آر کا 1.296 کھرب روپے کی وصولی کا منصوبہ

29 مئ 2024

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 2024-25 میں کسٹم ڈیوٹی سے تقریبا 1296 ارب روپے وصول کرنے کا تخمینہ لگایا ہے جس کے لیے بجٹ (2024-25) میں لگژری اور غیر ضروری اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی سمیت تجارتی ٹیکسوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے 2023-24 کے دوران کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 1,091 ارب روپے جمع کرنے کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ 2024-25 میں 1,296 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ، جو 205 ارب روپے کے اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے دوران محصولات کی وصولی کے مقررہ اہداف کے حصول کے لئے آئندہ بجٹ (2024-25) میں ”تجارتی ٹیکسوں“ پر زیادہ انحصار جاری رہے گا۔

پاکستان کسٹمز ٹیرف کے جائزے سے انکشاف ہوا ہے کہ صارفین کی اشیا، گھریلو آلات، تیار مصنوعات اور غیر ضروری اشیاء سمیت بہت سی درآمدی اشیاء پہلے ہی متعدد ”تجارتی ٹیکسوں“ جیسے کسٹم ڈیوٹی، ریگولیٹری ڈیوٹی، اضافی کسٹم ڈیوٹی (اے ڈی سی)، اسپیشل کسٹم ڈیوٹی، سیلز ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی کے تابع ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”تجارتی ٹیکسوں“ پر انحصار کی پالیسی اگلے مالی سال میں بھی جاری رہے گی، کیونکہ دستاویزات کے ذریعے ملکی سطح پر محصولات کو متحرک کرنا اور ٹیکس بیس کو وسیع کرنا 2024-25 میں آسان کام نہیں ہوگا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments