ہونڈا اٹلس کارز کا منافع 800 فیصد بڑھ کر 2.33 ارب روپے تک پہنچ گیا

ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ (ایچ سی اے آر) کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) فروخت میں بڑے پیمانے پر کمی کے باوجود 31 مارچ 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران تقریباً 797 فیصد بڑھ کر 2.33 ارب روپے تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں صرف 260.14 ملین روپے تھا۔

ایچ سی اے آر کی جانب سے بدھ کو اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جاری مالی گوشواروں کے مطابق آٹوموبائل کمپنی کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 16.34 روپے رہی جو گزشتہ سال 1.82 روپے تھی۔

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ سال اعلان کردہ صفر فی شیئر ڈیوڈنڈ کے مقابلے میں 6.5 روپے فی حصص یعنی 65 فیصد کے حتمی نقد منافع کا اعلان بھی کیا۔

منافع میں اضافے کی وجہ دیگر اخراجات میں بڑے پیمانے پر کمی اور اس مدت کے دوران کم ٹیکسیشن کو قرار دیا جاسکتا ہے۔

سال کے دوران ایچ سی اے آر کی فروخت 42 فیصد کمی کے ساتھ 55.07 ارب روپے رہ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 95.08 ارب روپے تھی۔

کمپنی نے مالی سال 24 میں 4.51 ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کیا جو 37 فیصد سے زائد کم ہے ، یہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 7.16 ارب روپے تھا۔

تاہم کم مجموعی منافع کے باوجود ایچ سی اے آر کا مجموعی مارجن مالی سال 24 میں بڑھ کر 8.2 فیصد ہو گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7.5 فیصد تھا۔

مزید برآں، کمپنی نے اپنے انتظامی اخراجات میں اضافہ دیکھا جو مالی سال 24 میں 1.48 ارب روپے رہا،جو کہ گزشتہ سال کے 1.32 ارب روپے کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔

تاہم ایچ سی اے آر کے دیگر اخراجات میں 92 فیصد کی شدید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

گاڑیاں بنانے والی کمپنی کی مالی لاگت 252 فیصد بڑھ کر 1.22 ارب روپے ہوگئی۔

کمپنی مالی سال 24 میں 2.75 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) حاصل کرنے میں کامیاب رہی جو تقریبا 39 فیصد اضافہ ہے ۔

تاہم زیادہ پی اے ٹی کے باوجود کمپنی نے مالی سال 24 میں صرف 418.85 ملین روپے ٹیکس ادا کیا جو 76 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے ۔ گزشتہ مالی سال کمپنی نے 1.72 ارب روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔

Read Comments