پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کو بتایا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے ضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کیٹپن اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ضلع رحیم یار خان کے رہائشی 25 سالہ کیپٹن حسین جہانگیر اور ضلع کرک کے رہائشی 36 سالہ حوالدار شفیق اللہ شہید ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران کم از کم پانچ دہشتگرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کلیئرنس آپریشن علاقے میں موجوود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں فوج نے کہا تھا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پاک-افغان سرحد پر ہونے والی کارروائیوں میں 29 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے کہا تھا کہ مارچ میں خیبرپختونخوا میں چینی انجینئرز پر ہونے والے حملے میں افغان دہشتگرد ملوث تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ پاکستان نے خطے اور خاص طور پر افغانستان میں امن کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار سب سے اہم رہا ہے۔