بیرسٹر گوہر کا ملکی مفاد میں فریقین سے محاذ آرائی ختم کرنے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے فریقین سے ملکی مفاد میں محاذ آرائی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے بھی بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمعرات کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ محاذ آرائی اب ختم ہونی چاہئے، پی ٹی آئی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی حالاں کہ اسے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ پارٹی نے ہر اس چیز کے لیے ”عام معافی“ کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے اسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے خود کہا ہے کہ وہ ملک اور قانون کی حکمرانی کے لیے بات کرنے کو تیار ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو رؤف حسن پر حملے سے دکھ پہنچا ہے۔

Read Comments