پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو بتایا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جرمن وزارت دفاع میں چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو جرمن مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آرمی چیف نے جرمن فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل الفونس میس سے بات چیت کی اور گارڈ لیگن میں آرمی کامبیٹ ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا۔
انہیں سنٹر کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ انہوں نے جرمن فوج اور بین الاقوامی دستوں کو دی جانے والی ٹریننگ کامشاہدہ بھی کیا۔
آرمی چیف نے وفاقی چانسلر کے خارجہ پالیسی اور سلامتی کے مشیر جینس پلوٹنر، وزہر مملکت برائے خارجہ امور ٹوبیاس لنڈر، وزارت دفاع میں ریاستی سیکرٹری نیل ہلمر سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سویلین اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر جرمن قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاک فوج کے کردار کا اعتراف کیا۔
آرمی چیف جرمن آرمڈ فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج ہیمبرگ کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف ممالک سے کورس میں شرکت کرنے والے طلباء سے خطاب کریں گے جس میں وہ پاکستان کی علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے تناظر اور اقوام متحدہ کے مشنز میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔