ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی

اپ ڈیٹ 21 مئ 2024

انٹربینک مارکیٹ میں منگل کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

کاروبار کے اختتام پر روپے کی قدر میں 9 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور امریکی ڈالر 278 روپے 39 پیسے پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ پیر کو روپیہ 9 پیسے کی کمی سے 278.30 روپے پر بند ہوا تھا۔

وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2024-25 کا بجٹ 7 جون (جمعہ) کو قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ آئندہ بجٹ اجلاس 6 جون (جمعرات) سے شروع ہوگا اور وفاقی حکومت 7 جون (جمعہ) کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2024-25 پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کریں گے۔

عالمی سطح پر منگل کو امریکی ڈالر مستحکم رہا جبکہ ین 156 کی سطح پر کمزور سمت دیکھا گیا حالانکہ تجارت انتہائی محدود تھی کیونکہ سرمایہ کار عام طور پر اس سال فیڈرل ریزرو کی شرح سود میں کٹوتی کے متوقع وقت اور حد کے بارے میں اپنے خیالات پر قائم رہے۔

امریکی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے اسپاٹ ایتھر ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایف) کی منظوری کی بڑھتی ہوئی توقعات کی وجہ سے کرپٹو کرنسیوں میں اضافہ ہوا۔

Read Comments