وزیراعظم کی کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے کے انتظامات کرنے کی ہدایت

  • خصوصی طیارہ آج کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے لیے روانہ ہوگا اور 130 پاکستانی طالب علموں کو واپس لائے گا

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن علی ضیغم کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرغیزستان سے پاکستانی طلبا کو واپس لانے کے لئے خصوصی طیارے کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات کریں۔

وزیراعظم نے حسن علی ضیغم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ کرغزستان میں موجود تمام پاکستانی طلبہ اور ان کے اہل خانہ سے رابطے میں رہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ زخمی پاکستانی طلبا کو ترجیحی بنیادوں پر پاکستان لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرغیزستان میں مقیم پاکستانی طالب علموں کے اہل خانہ کی وطن واپسی کا بھی ترجیحی بنیادوں پر انتظام کیا جائے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی طیارہ آج شام بشکیک کرغزستان کے لیے روانہ ہوگا اور 130 پاکستانی طالب علموں کو آج رات واپس لائے گا۔

پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو کرغیز نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا۔

سفیر کے مطابق کرغیز حکومت نے کہا ہے کہ صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں کر لیا گیا ہے اور گزشتہ رات اور آج تشدد کا کوئی نیا واقعہ پیش نہیں آیا۔

کرغیز نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور پاکستانی اور دیگر غیر ملکی طالب علم مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر حالات معمول پر آنے کے بعد بھی کوئی بھی پاکستانی طالب علم وطن واپس آنا چاہتا ہے تو اسے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Read Comments