ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا ہے کہ کرغزستان سے پہلی پرواز 140 طلبا سمیت ایک 180 پاکستانیوں کو لے کر کل رات لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینئر حکام کے ہمراہ واپس آنے والے طلبا کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ دوسرے طلبا کو بھی آج مزید پروازوں کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرغزستان سے پاکستانی طلبا کی بحفاظت وطن واپسی ہماری ترجیح ہے۔
وزیر داخلہ نے واپس آنے والے طلبا سے بقیہ پاکستانی طلبا کا حال دریافت کیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اس نے بشکیک میں پاکستانی طلبا کے خلاف تشدد کے ردعمل میں ملک میں کرغزستان کے اعلیٰ سفارت کار کو طلب کر کے احتجاج کا ایک نوٹ دیا ہے۔
کرغیز پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے جمعے کے روز دارالحکومت میں تشدد پر قابو پانے کے لیے فورسز کو متحرک کر دیا تھا، جس میں سیکڑوں کرغیز افراد نے پاکستانیوں سمیت غیر ملکی طالب علموں کی رہائش گاہوں پر حملہ کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ غیر ملکیوں کی جانب سے شروع کیا گیا جن کی قومیت فوری طور پر واضح نہیں ہے اور انہوں نے شہر میں مقامی افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ کرغزستان کے ناظم الامور پر زور دیا گیا ہے کہ کرغیز حکومت کو پاکستانی طلبا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے چاہییں۔