ملتان کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ مکمل، گنتی جاری

اپ ڈیٹ 19 مئ 2024

ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

آج نیوز کے مطابق پولنگ مقررہ وقت صبح 8 بجے شروع ہوئی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

پولنگ کے لیے 275 پولنگ اسٹیشنز اور 933 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے جن میں مردوں کے لیے 480 اور خواتین کیلئے 448 پولنگ بوتھ تھے۔

ضمنی انتخابات میں کل 444,231 رجسٹرڈ ووٹرز کی جانب سے حق رائے دہی استعمال کیے جانے کا امکان تھا۔

پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد یہ نشست خالی کردی تھی جس پر اتوار کو ضمنی انتخاب کرایا گیا۔

ضمنی انتخاب کیلئے حلقے میں یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادی علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سرفہرست امیدوار ہیں۔

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی نے 293 ووٹوں کے معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 67 ہزار 326 ووٹ حاصل کیے جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ بیرسٹر تیمور ملک نے 67 ہزار 33 ووٹ حاصل کیے۔

Read Comments