وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدی شعبے کی صنعتوں کے لیے ٹیرف ریشنلائزیشن کے حوالے سے فوری حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح صنعتوں کو سہولتوں کی فراہمی ہے۔
صنعتی شعبے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیح برآمدی شعبے میں صنعتوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کو فروغ دینے اور ان کی موجودہ پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوششیں اور اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی اور گیس کے ٹیرف کو ریشنلائز کرنے کے لیے صنعتوں سے مشاورت کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت صنعتوں کو کم قیمت پر بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
اجلاس میں صنعتوں اور گھریلو صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی اور گیس کے نرخوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں کو کم قیمت پر بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر تلاش کیا جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری ، وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وزیرمملکت علی پرویز ملک ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی ۔