پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس جمعے کے کاروباری روز ایک نئی بلندی کو چھو گیا ہے کیوں کہ تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس سے زائد پر بند ہوا۔ اسٹاک ایکسچینج میں خریداری کا رحجان مسلسل ساتویں سیشن میں بھی جاری رہا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس نے کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں کیا اور ابتدا میں ہی زیادہ خریداری دیکھنے کو ملی جس کا غلبہ اختتام تک رہا۔
دن کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 411.65 پوائنٹس یا 0.55 فیصد اضافے کے ساتھ 75,342.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔
تیل اور گیس کی تلاش، کھاد، ریفائنری، فارماسیوٹیکل، سیمنٹ اور کیمیکلز سمیت کئی شعبوں میں خریداری دیکھنے میں آئی۔
جمعرات کو بھی کے ایس ای 100 انڈیکس 267 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 75 ہزار پوائنٹس کے قریب بند ہوا تھا۔
ماہرین کا کہناہے کہ نئے قرض کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بات چیت کا آغاز اور آئندہ مانیٹری پالیسی میٹنگ میں شرح سود میں کمی کی توقعات جیسے مثبت اشاروں کی بدولت اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز بلندیاں ہورہی ہیں۔
ایک اہم پیشرفت میں پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ میں مارچ 2024 میں 434 ملین ڈالر کے نظرثانی شدہ سرپلس کے مقابلے میں اپریل 2024 کے دوران 491 ملین ڈالر کا عارضی سرپلس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ بات اسٹیٹ بینک کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار میں بتائی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بینک الفلاح لمیٹڈ (بے اے ایف ایل) کو بنگلہ دیش آپریشنز بینک اییشیا لمیٹڈ کو دینے کیلئے ڈیو ڈیلیجنس کی منظوری دیدی۔ پاکستانی ادارہ بنگلہ دیش آپریشن سے منسوب اپنے 100 فیصد اثاثوں اور واجبات فروخت کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان کے رئیل ایکفٹیو ایکسچینج ریٹ (ریئر) انڈیکس میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا کیونکہ یہ اپریل 2024 میں 104.51 کی سطح پرپہنچ گیا ہے جو مارچ 2024 میں 104.09 کی سطح پر تھا۔
اسٹاک مارکیٹ بند ہونے کے بعد وزارت نجکاری نے اعلان کیا کہ اظہار دلچسپی جمع کرانے کا وقت جمعہ کی شام 4 بجے ختم ہونے کے بعد اسے 8 کمپنیوں کی جانب سے کوالیفکیشن اسٹیٹمنٹ موصول ہوئے ہیں۔
دریں اثنا جمعے کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.07 فیصد اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق روپے کی قدر میں 19 پیسے کا اضافہ ہوا اور امریکی ڈالر 278 روپے 21 پیسے پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 407.62 ملین سے بڑھ کر 496.7 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 16.98 ارب روپے سے بڑھ کر 17.63 ارب روپے ہوگئی۔
کوہ نور اسپننگ 44.62 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر رہی، اس کے بعد پی.آئی.اے.سی (اے) 28.76 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور کے الیکٹر لمیٹڈ 23.05 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
جمعہ کو 386 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 212 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 153 میں کمی جبکہ 21 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔