سروس لانگ مارچ پاکستان میں 108 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

سروس لانگ مارچ (ایس ایل ایم) ٹائرز، جو چین اور پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے، اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے لیے پاکستان میں اضافی 30 ارب روپے (~ 108 ملین امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔

یہ پیش رفت ایس ایل ایم کی پیرنٹ کمپنی سروس انڈسٹریز لمیٹڈ نے پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں بتائی۔

نوٹس کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اور کمپنی کے چیئرمین جن یونگ شینگ اور سی ای او عمر سعید کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایس ایل ایم نے اپنے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔

کمپنی نے ایک بیان میں کہا، سروس لانگ مارچ ٹائرز نے اپنی صلاحیت کو دوگنا کرنے اور 2025 تک برآمدات کو 100 ملین ڈالر تک بڑھانے کے لئے مزید 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایس ایل ایم نے پاکستان سے یورپی یونین اور امریکہ کو خصوصی ٹائر برآمد کرنے کا نیا منصوبہ شروع کرنے کے لئے مزید 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے تمام محکموں کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں برآمدات کی ترقی میں مدد کریں۔

اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر نجکاری و سرمایہ کاری، وزیر اطلاعات، وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری تجارت اور سیکرٹری بی او آئی نے شرکت کی۔

پاکستان میں حکام براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو راغب کرنے کے خواہاں ہیں، جو حالیہ برسوں میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔

رواں مالی سال جولائی تا مارچ کے دوران ملک میں صرف 1.1 ارب ڈالر کی ایف ڈی آئی حاصل ہو پائی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 1.216 ارب ڈالر تھی جو 118 ملین ڈالر کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

ایس ایل ایم پاکستان میں آل اسٹیل ریڈیئل ٹرک اور بس (ٹی بی آر) ٹائر مینوفیکچرنگ کمپنی ہے، اور اسے سرویس گروپ اور چین کے چاؤیانگ لانگ مارچ کے درمیان مشترکہ منصوبے کے ذریعے قائم کیا گیا تھا۔

سروس انڈسٹریز لمیٹڈ اور اس کی ذیلی کمپنی سروس گلوبل فٹ ویئر لمیٹڈ کے پاس ایس ایل ایم میں بالترتیب 32.09 فیصد اور 18.91 فیصد ایکویٹی حصص ہیں۔

رواں سال کے اوائل میں سروس گلوبل فٹ ویئر لمیٹڈ (ایس جی ایف) کے شیئر ہولڈرز نے کمپنی کو ایس ایل ایم میں مزید 1.5 ارب روپے تک کی طویل مدتی ایکویٹی سرمایہ کاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

Read Comments