پاکستان اور چین اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیں گے۔ پانچویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی اپ گریڈیشن اور مستقبل کے رابطے کے اقدامات کے بارے میں گفتگو کرینگے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار 13 سے 16 مئی 2024 تک چین کے دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کریں گے جہاں وہ چینی وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے فارن افیئرز کمیشن کے جنرل آفس کے ڈائریکٹر وانگ یی کے ساتھ پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
دونوں فریقین اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیں گے۔مزید کہا گیا کہ اعلیٰ سطح کے تبادلے اور دورے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن اور مستقبل کے رابطے کے اقدامات اس میں شامل ہیں
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فریقین علاقائی جغرافیائی سیاسی منظرنامے اور کثیرالجہتی سطح پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی چینی رہنماؤں، سینئر وزرا اور معروف کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقات متوقع ہے۔ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان باقاعدگی سے اعلیٰ سطح تبادلوں کا حصہ ہے۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی جانب سے ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ بنیادی مفاد کے امور پر باہمی حمایت کا اعادہ، سی پیک سمیت اقتصادی اور تجارتی تعاون میں اضافہ اور علاقائی امن اور ترقی کے لئے مشترکہ عزم کو تقویت دیتا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024