انٹر بینک مارکیٹ میں جمعے کے کاروباری روزامریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.03 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر روپے کی قدر میں 8 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ امریکی ڈالر 278.12 روپے پر بند ہوا۔
جمعرات کو روپے کی قدر میں 10 پیسے کی کمی واقع ہوئی تھی اور ڈالر 278.20 روپے پر بند ہوا تھا۔
ایک اہم پیشرفت میں اپریل 2024ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی مد میں 2.8 ارب ڈالر کی رقم آئی جو27.9 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے جمعرات کو کہا کہ مجموعی طور پر 23.8 بلین ڈالر کی آمد کے ساتھ مالی سال 24 کے پہلے 10 مہینوں کے دوران ترسیلات زر میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.5 فیصد اضافہ ہوا۔
عالمی سطح پر ایشیائی ٹریڈنگ میں جمعے کو امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ نہیں دیکھا گیا، اس سے قبل یورو کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی کیوں کہ امریکی اعداد و شمار کے مطابق لیبرمارکیٹ میں جمود کے آثار دیکھے گئے جبکہ رواں برس امریکی شرح سود میں کمی کے امکانات بھی بہت زیادہ ہیں۔
ین، یورو اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی پیمائش کرنے والا ڈالر انڈیکس 105.25 کی ہموار سطح پر رہا۔