مقامی سکوک بانڈز دسمبر تک جاری کر سکتے ہیں، وزیرخزانہ

٭بانڈز پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ محمد اورنگزیب
اپ ڈیٹ 10 مئ 2024

وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان دسمبر 2024 تک مقامی گرین سکوک بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

جمعے کو فنانس ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں محمد اورنگزیب کے حوالے سے کہا گیا کہ بانڈز پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

یہ بیان وزیر خزانہ کی جانب سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام یوکے-پاکستان گرین انویسٹمنٹ فورم میں آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اہم خطاب کرنے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ کاکہناہے کہ پنشن کارڈز میں اصلاحات کی جارہی ہیں کیونکہ حکومت اخراجات کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

بیان کے مطابق محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل کلائمٹ فنانس کو بڑھانے کے لیے جدید فنانسنگ آلات استعمال کرنے کے پاکستان کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے مطابقت، برداشت اور کمی کے منصوبوں میں فنڈنگ کے اہم فرق کو تسلیم کرتے ہوئے اس تقسیم کو ختم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید برآں وزیر خزانہ نے گرین انویسمنٹ منصوبوں کے بہتر پورٹ فولیو کی ضرورت کو بھی تسلیم کیا۔

انہوں نے نجی شعبے کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور آن لائن بینکاری کے مواقعوں سے متعلق سرمایہ داروں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے حکومتی کوششوں کا بھی احاطہ کیا۔

دریں اثنا انہوں نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران مختلف میکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری کی وضاحت کی جن میں افراط زر میں بہتری، زرعی شعبے میں جی ڈی پی کی نمو، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، اسٹاک مارکیٹ میں اضافے کا رجحان اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں متوقع کمی شامل ہیں۔

محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی کامیاب تکمیل کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ درمیانی مدت کے فنڈ سپورٹڈ پروگرام کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے ارادے کا بھی اظہار کیا جو پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔

وفاقی وزیر نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے سے متعلق اسلام آباد کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور گرین انوسیمنٹ کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر بھی زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کم حصے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے حوالے سے پاکستان کے خطرے کو اجاگر کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے عالمی بینک کی ایک حالیہ تحقیق کا حوالہ دیا، جس میں موسمیاتی خطرات کی وجہ سے 1 فیصد تک کے ممکنہ سالانہ جی ڈی پی نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

Read Comments