وزیراعظم قطری سرمایہ کاری کے خواہاں

10 مئ 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے بہترین تعلقات کو باہمی فائدہ مند مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ محمد بن عبدالعزیز الخلفی سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔

قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) کے اہم کردار پر اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ قطر ترجیحی شعبوں میں پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری پورٹ فولیو میں توسیع کرے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اس مقصد کے لئے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) فوری تعاون کو یقینی بنائے گی۔

قطری وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تاریخی، خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی بھرپور ساتھ دیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قطری وزیر مملکت نے ان کے استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں قطر کی قیادت کا خصوصی پیغام پہنچایا، جس میں قطر کی پاکستان کے ساتھ بھائی چارے کے پائیدار رشتوں کو مضبوط بنانے کی خواہش اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی پر زور دیا گیا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے پاکستان کے ایک روزہ دورے پر ہیں۔

Read Comments