انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پیر کو روپے کے مقابلے ڈالر 3 پیسے کی کمی سے 278.24 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے روپے کے مقابلے میں ڈالر 18 پیسے کی کمی سے 278.21 پر بند ہوا تھا۔
ایک اہم پیش رفت میں توقع ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن نئے پروگرام پر بات چیت کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔
پاکستان نے گزشتہ ماہ 3 ارب ڈالر کا قلیل مدتی پروگرام مکمل کیا جس سے ڈیفالٹ کو روکنے میں مدد ملی لیکن وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت نے ایک نئے طویل مدتی پروگرام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
آئی ایم ایف نے رائٹرز کو بھیجے گئے ایک ای میل کے جواب میں کہا کہ تمام پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک ممکنہ نئے پروگرام کے تحت مالی سال 25 کے بجٹ، پالیسیوں اور اصلاحات پر بات کرنے کے لیے مئی میں ایک مشن پاکستان کا دورہ کرے گا۔
عالمی سطح پر ڈالر پیر کو بڑے پیمانے پر مستحکم رہا جب کہ ین ہفتے کے آغاز پر قدرے کمزور نظرآیا۔