ایف بی آر کا 5 لاکھ 6 ہزار671 نان فائلرز کی سمیں بند کرنے کا فیصلہ

01 مئ 2024

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا۔

ایف بی آر نے 5لاکھ 6 ہزار671 نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری کردیا ہے جن کے موبائل سمز کو پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور تمام ٹیلی کام آپریٹرز فوری طور پر بلاک کر دیں گے۔

ایف بی آر نے منگل کو انکم ٹیکس جنرل آرڈر نمبر01 ، 2024 جاری کیا ہے جس کے تحت وہ افراد ریٹرن فائل کریں جو ٹیکس دہندگان کی فہرست میں ظاہر نہیں ہو رہے لیکن ٹیکس سال 2023 کے لیے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے قابل ہیں۔

ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرنے والے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب انکم ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 01 ، 2024 میں بیان کردہ 50,6671 افراد کی فہرست سے اپنے ناموں کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114 بی کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئےایف بی آر نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر (آئی ٹی جی او) جاری کیا ہے تاکہ وہ افراد جو فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں ظاہر نہیں ہورہے لیکن انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعات کے تحت ٹیکس سال 2023 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے قابل ہیں کے سمز کو بلاک کیا جا سکے ۔

یہ سمیں اس وقت تک بلاک رہیں گی جب تک کہ ایف بی آر یا کمشنر ان لینڈ ریونیو کی جانب سے اس شخص کے دائرہ اختیار کو بحال نہیں کیا جاتا۔

پی ٹی اے اور تمام ٹیلی کام آپریٹرز سے انکم ٹیکس جنرل آرڈر کی فوری تعمیل یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

اس سلسلے میں رپورٹ 15 مئی 2024 کو ایف بی آر کو پیش کی جانی ہے۔

Read Comments