قرضوں کا جال موت کا پھندا بن گیا ہے ، وزیراعظم شہبازشریف

29 اپريل 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے قرضوں کو حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ قرضوں کا جال موت کا پھندا بن گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے مہنگائی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے اور قرضوں کا جال ہے، میں اسے موت کا پھندا کہنا پسند کرتا ہوں جس نے ہماری معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹے کاربن فوٹ پرنٹس ہیں اس کے باوجود موسمی تبدیلی جیسے چیلنج کا سامنا ہے ۔

قبل ازیں وزیراعظم نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس کو بتایا کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کررہا ہے ۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو سے پاک ملک کے حتمی مقصد تک پہنچنے کے لیے تمام شراکت داروں کی طرف سے مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بی ایم جی ایف کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور بی ایم جی ایف کے درمیان مضبوط شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے گیٹس کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Read Comments