ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک

25 اپريل 2024

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ بات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو جاری بیان میں بتائی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 24-25 اپریل کی شب کو ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والوں میں 2 دہشت گردوں میں سرغنہ سہیل عرف عظمتو اور حاجی گل عرف زرکاوی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں جبکہ ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

حالیہ آپریشن خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی دو کارروائیوں میں 11 دہشت گردوں کے مارے جانے کے چند دن بعد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

ایک اور مقابلے میں سیکورٹی فورسز نے کے پی کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اور دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

Read Comments