اسٹاک ایکسچینج : تیزی برقرار ، انڈیکس میں 340 پوائنٹس کا اضافہ

25 اپريل 2024

اسٹاک ایکسچینج میں آج ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان برقرار ہے ۔

دوپہر12:25 بجے کے ایس ای 100 انڈیکس 340.55 پوائنٹس یا 0.47 فیصد اضافے سے 72,392.44 پر جاپہنچا ۔ قبل ازیں 100 انڈیکس 72,593.25 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، اور ریفائنری سیکٹر میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے جب کہ کمرشل بینکوں، تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز میں منفی رجحان دیکھا گیا۔

ماہرین نے خریداری کے رجحان کی وجہ 29 اپریل کو ہونے والے اجلاس کے دوران پاکستان کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.1 ارب ڈالر کی قسط کی متوقع ریلیز کو قرار دیا ہے۔

یہ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی آخری قسط ہے، جو اس ماہ ختم ہو جائے گی۔

پاکستان آئی ایم ایف سے نئے طویل المیعاد اور بڑے قرض کا بھی خواہاں ہے،تاہم اسلام آباد نے ابھی باضابطہ درخواست کرنا ہے لیکن آئی ایم ایف اور حکومت پہلے ہی بات چیت کر رہے ہیں ۔ اگر یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو یہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا 24 واں بیل آؤٹ ہوگا۔

یاد رہے کہ بدھ کو کے ایس ای 100انڈیکس 692.49 پوائنٹس یا 0.97 فیصد اضافے سے 72 ہزار کی بلند سطح عبور کرتے ہوئے 72,051.89 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر ایشیائی اسٹاک جمعرات کو گر گئے جس کی وجہ فیس بک کے میٹا پلیٹ فارمز کی جانب سے مایوس کن کمائی کی پیشن گوئی ہے جس نے ٹیک شیئرز کو نقصان پہنچایا ۔

Read Comments