پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے ۔ پیر کو کے ایس ای 100انڈیکس تاریخ میں پہلی بار71 ہزار پوائنٹس کی بلند سطح عبور کرگیا۔
پیرکواسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 71,861.18 پوائنٹس پر جاپہنچا تھا ، بعدازاں مارکیٹ یہ سطح برقرار نہ رکھ سکی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 523.56 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے کے ساتھ 71,433.46 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو کے ایس ای 100 انڈیکس 71ہزار پوائنٹس کے قریب بند ہوا تھا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکوں، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں اور او ایم سیز سمیت تمام شعبوں میں بھرپورخریداری دیکھی گئی۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم 475.83 ملین سے بڑھ کر 655.20 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت 23.22 ارب روپے سے بڑھ کر 31.25 ارب روپے ہوگئی۔
مجموعی طور پر 389 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 217 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 140 میں کمی اور 32 میں استحکام رہا۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ابھی تک پاکستان کیلئے قرض کی منظوری کو یکم مئی کے اپنے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا ہے۔
فنڈ کی ویب سائٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے 29 اپریل اور یکم مئی کو ہونے والے ایگزیکٹوبورڈ کے اجلاس کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔
پاکستان کو امید ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے ملک کو تقریباً 1.1 بلین ڈالر کے فنڈز حاصل ہونگے۔
پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ تیزی آئی ایم ایف کے 3 ارب ڈالر کے پروگرام کی کامیاب تکمیل کے بعد آئی ہے۔
عالمی سطح پر، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس نے پیر کو کچھ تیزی ریکارڈ کی۔
MSCI کا ایشیا پیسیفک کے حصص کا سب سے بڑا انڈیکس 0.93 فیصد بڑھ گیا، اسرائیلی حملے کی خبر سامنے آنے کے بعد جمعہ کو مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی گئی تھی۔