انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی ) کے مطابق روپے کے مقابلے میں ڈالر 2 پیسے کے اضافے سے 278.33 روپے پر جاپہنچا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے روپے کے مقابلے میں ڈالر37 پیسے یا 0.13 فیصد اضافے سے278.31 روپے پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے ابھی تک پاکستان کیلئے قرض کی منظوری کو یکم مئی کے اپنے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا ہے۔
فنڈ کی ویب سائٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے 29 اپریل اور یکم مئی کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا شیڈول جاری کردیا ہے تاہم پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) پروگرام کا جائزہ نہیں لیا جائے گا۔
پاکستان کو امید ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے ملک کو تقریباً 1.1 بلین ڈالر کے فنڈز حاصل ہونگے۔