اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر ایک لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ پیر کو اسٹیٹ بینک کے جاری اعداد و شمار سے پتہ چلتاہے کہ 5 اپریل تک زرمبادلہ ذخائر 8.04 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔
ملک کے پاس کل مائع غیر ملکی ذخائر 13.44 بلین ڈالر رہے۔ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص غیر ملکی ذخائر 5.40 بلین ڈالر رہے۔
اسٹیٹ بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ 5 اپریل 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر ایک لاکھ ڈالر کم ہونے کے بعد 8,040.3 ملین امریکی ڈالر ہو گئے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر میں 19 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 12 اپریل 2024 کو پاکستان کی جانب سے1 بلین ڈالر کے بین الاقوامی بانڈ کی ادائیگی اس ہفتے کے اعداد و شمار میں ظاہر نہیں ہوئی۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم ایک نئے بیل آؤٹ پروگرام کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات چیت کے لیے اتوار کو واشنگٹن روانہ ہوگئی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اس ہفتے واشنگٹن میں مذاکرات ہونے والے ہیں، جس میں حکومتی ٹیم نئے قرض پروگرام کی منظوری کے لیے عالمی فنڈ سے درخواست کرے گی۔ اہم وزارتی اجلاس اور تقریبات 17 سے 19 اپریل تک ہوں گے۔