غربت ہمارے ملک کا مقدر نہیں ہوسکتی ، صدرزرداری

اپ ڈیٹ 15 اپريل 2024

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی طرف گامزن کرنے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ غربت ہمارے ملک کا مقدر نہیں ہے،اللہ نےپاکستان کو ہر قسم کی دولت سے نوازا ہے ،ہمیں صرف اپنی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔

صدر زرداری نےشہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 45ویں برسی کی مناسبت سے ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد عوام کی خدمت اولین ترجیح رہی ہے ۔اس موقع پرانہوں نے اتحاد پر زور دیا اورکہا کہ موثر حکمرانی اور بامعنی پیش رفت کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

صدر نے کہا کہ آج بی بی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کانام تاریخ میں گونج رہا ہے اورمیں نے بی بی کی طرف سے سونپا گیا فرض ادا کیا ہے ۔

آصف زرداری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی صدارت عوام کی حمایت کی بنیاد پر کھڑی ہے،اس موقع پر عوام کی طاقت سے رہنمائی کرتے ہوئے آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے محتاط سیاسی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ قوم کو نقصان سے بچانے کے لیے ہر عمل پر احتیاط سے غور کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کس طرح سیاستدانوں کے اندرونی تنازعات کی وجہ سے عوامی فلاحی کام متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹوسے سیاسی انتقام لیا گیا۔ انہوں نے پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی منصوبہ بندی پرزوردیا۔

Read Comments