چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عید الفطر کا پہلا دن پاک افغان سرحد پرتعینات فوجیوں کے ساتھ گزارا۔انہوں نےشمالی وزیرستان ایجنسی، میران شاہ اوراسپن وام کا دورہ کیا۔اس موقع پرانہوں نے خطے کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے مخالف عناصر کے خلاف چوکس رہنے کی ہدایت کی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ آرمی چیف نے عید کی نماز فرنٹ لائن پرجوانوں کے ساتھ پڑھی اورپاکستان کے پائیداراستحکام اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔ انہوں نے فوجیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی، قوم کے لیے ان کی غیر متزلزل جذبے اور خدمات کو سراہا۔
بعدازاں آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جس میں پاک افغان سرحد پر حفاظتی اقدامات پر گفتگو کی گئی۔
آرمی چیف نے امن اور استحکام کو فروغ دینے خاص طور پر نئے ضم شدہ اضلاع اور صوبے بھر میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کو شہداء کی قربانیوں سے منسوب کیا۔
انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص مقامی آبادی پر زور دیا کہ وہ امن کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف چوکس رہیں۔
قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے پرتپاک استقبال کیا۔