صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی سے ٹیلی فون پر بات کی اور دونوں ممالک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے معلومات کے تبادلے کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔
اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے پر ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ غزہ میں انسانی بحران اور اسرائیلی افواج کی جانب سے نسل کشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
زرداری نے اپنے ایرانی ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔
انہوں نے دونوں ممالک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے معلومات کے تبادلے کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر صدر نے ایرانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
صدرآصف علی زرداری نے ایرانی صدر اور ان کے اہل خانہ کی صحت، تندرستی اور خوشی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدر زرداری نے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔