وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کر دیا گیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈارکو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کردیا ہے۔
اس سے قبل اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس میں پریزائیڈنگ آفیسر کے طور پر کام کیا جس میں 41 نومنتخب سینیٹرز نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے ارکان کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے لیے بلامقابلہ منتخب ہوگئے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے سیدال خان ناصر ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گیلانی اور ناصر کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں۔
امید ہے کہ آپ آئین کی سربلندی اور ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے نومنتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی عوامی فلاح و بہبود اور قومی ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر قانون سازی کے لیے فعال شرکت کی امید کا اظہار کیا۔
شریف نے وفاقی اکائیوں کو تقویت دینے اور جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے میں سینیٹ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔