اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی)، جو پاکستان میں 200 سے زائد بڑی غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کی نمائندگی کرتا ہے، نے حالیہ بجٹ میں غیر منصفانہ کارپوریٹ ٹیکس شرح کے مسئلے کے حل میں حکومتی پیش رفت کو محدود قرار دیتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی سی آئی نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ سپر ٹیکس کی شرحوں میں معمولی کمی کو تسلیم کیا گیا ہے، لیکن او آئی سی سی آئی ایک بار پھر پاکستان کی مسابقت بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ٹیکس ڈھانچے کی مکمل اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے منگل کو ”مسابقتی معیشت“ کے لیے پاکستان کا وفاقی بجٹ 26-2025 پیش کیا، جس میں آئندہ مالی سال کے لیے 4.2 فیصد ترقی کی ہدف مقرر کی گئی، جو رواں مالی سال 25-2024 میں متوقع 2.7 فیصد سے قدرے زیادہ ہے۔
او آئی سی سی آئی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ حکومت نے اپنے اخراجات میں ”بامعنی کمی“ نہیں کی، جو بجٹ خسارہ کم کرنے میں مدد دے سکتی تھی۔ چیمبر نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجٹ اقدامات میں اخراجات کی عقلی تقسیم کو ترجیح دے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ او آئی سی سی آئی کو افسوس ہے کہ حکومت نے رواں بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کا موقع ضائع کر دیا، خاص طور پر پاکستان کی 9 ٹریلین روپے کی کیش پر مبنی غیر دستاویزی معیشت کو دستاویز کرنے کی کوئی ٹھوس حکمت عملی پیش نہ کر کے، جو کہ آمدنی میں اضافہ اور معیشت کو رسمی بنانے کے لیے نہایت اہم قدم ہے، جس کا او آئی سی سی آئی مستقل مطالبہ کرتا رہا ہے۔
دوسری جانب، او آئی سی سی آئی نے کچھ مثبت اصلاحات کو سراہا، جن میں تنخواہ دار افراد اور چھوٹے کاروباروں کے لیے آسان ٹیکس ریٹرن، ملک بھر میں ای-انوائسنگ کا آغاز، اور پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) نظام کی توسیع شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تاہم ان اقدامات کی کامیابی مؤثر نفاذ پر منحصر ہے، اور او آئی سی سی آئی شفافیت اور عمل درآمد میں مستقل مزاجی کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
او آئی سی سی آئی نے تنخواہ دار افراد کے لیے انکم ٹیکس کی چھوٹ کی حد 0.6 ملین روپے سے بڑھا کر 1.2 ملین روپے کرنے اور ان کی ٹیکس شرح 5 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کرنے کو ”قابل تعریف اقدامات“ قرار دیا، جو چیمبر کی سفارشات سے ہم آہنگ ہیں، مگر او آئی سی سی آئی کے مطابق یہ اب بھی ملک میں جاری برین ڈرین کو کم کرنے کے لیے مؤثر اور ضروری ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔
چیمبر نے فاٹا اور پاٹا پر ٹیکس چھوٹ کے مرحلہ وار خاتمے اور غیر مطیع ٹیکس دہندگان کے خلاف سخت اقدامات جیسے جائیداد و گاڑی کی خریداری پر پابندیاں، بیرون ملک اثاثوں کی منتقلی پر روک اور سخت سزاؤں کو ٹیکس کمپلائنس بہتر بنانے اور آمدنی کا دائرہ بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا۔
تاہم چیمبر کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ کارپوریٹ سیکٹر کے لیے کوئی ”انقلابی پالیسی“ متعارف کرانے میں ناکام رہا۔
او آئی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس سلیب کی مرحلہ وار عقلی تقسیم اور کاروباری اداروں پر مجموعی ٹیکس بوجھ میں کمی ایک زیادہ سرمایہ دوست ماحول کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔
Comments