عوام پاکستان پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آنے والے بجٹ میں بلوچستان کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔

عوام پاکستان پارٹی کی قیادت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کر رہے ہیں۔

عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینر سید امان شاہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولیات، روزگار کے مواقع، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کی شدید کمی کا شکار ہیں۔

ان حالات میں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ 26-2025 کے مالیاتی بجٹ میں بلوچستان کے عوام کے لیے خصوصی ریلیف کا اعلان کرے۔

انہوں نے حکومت سے فوری اپیل کی کہ وہ مندرجہ ذیل مطالبات پر غور کرے: صوبے کے ترقیاتی بجٹ میں نمایاں اضافہ، نوجوانوں کے لیے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی، بلوچستان کے قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی کا منصفانہ حصہ صوبے کو دیا جائے۔

سید امان شاہ نے زور دے کر کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں عام شہری پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی ضروریات کی کمی سے شدید متاثر ہیں۔ لہٰذا آنے والے بجٹ میں ضروری اشیاء پر مزید ٹیکسز یا بوجھ ناقابل قبول ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء پر ٹیکسز میں کمی کی جائے اور بجلی، گیس، ایندھن اور ادویات کی قیمتیں مستحکم کی جائیں۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ تنخواہ دار افراد کو ریلیف دے، بشمول مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ، نیز نئے ٹیکسز لگانے کے بجائے غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اپنی ترجیحات کا ازسرنو جائزہ لے اور عوام کو ریلیف دینے والا فلاحی بجٹ پیش کرے نہ کہ ان کا بوجھ بڑھائے۔

سید امان شاہ نے دہرایا کہ بلوچستان کے مسائل محض نعروں سے حل نہیں ہوں گے - عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ وفاقی بجٹ بلوچستان کو اس کا جائز حق دے۔

Comments

200 حروف