آئی ایم ایف سے رقم ملنے پر اسٹیٹ بینک کے ذخائر 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
- کل مائع غیر ملکی ذخائر 16.65 ارب ڈالر ہوگئے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر ہفتہ وار بنیادوں پر 10.4 ارب ڈالر بڑھ کر 16 مئی کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں 11.45 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے جمعرات کو تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
مجموعی مائع غیر ملکی ذخائر 16.65 ارب ڈالر رہے، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص غیر ملکی ذخائر 5.20 ارب ڈالر رہے۔
مرکزی بینک نے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر میں حالیہ اضافے کی وجہ آئی ایم ایف سے قسط کی مد میں موصول رقم کو قرار دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 16 مئی 2025 کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں ایس بی پی کے ذخائر 1,043 ملین ڈالر بڑھ کر 11,446.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئے کیونکہ ایس بی پی کو 13 مئی 2025 کو آئی ایم ایف کے ای ایف ایف پروگرام کے تحت 760 ملین ایس ڈی آر (1,023 ملین ڈالر) کی دوسری قسط موصول ہوئی۔
گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر 71 ملین ڈالر بڑھ کر 10.40 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔
14 مئی کو مرکزی بینک نے تصدیق کی تھی کہ اس نے آئی ایم ایف سے 760 ملین کے اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کی دوسری قسط وصول کی ہے، جو کہ تقریباً 1.02 ارب ڈالر کی رقم کے مساوی ہے۔
یہ پیش رفت آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) کے تحت پہلے جائزے کی تکمیل کے چند دن بعد سامنے آئی، جس کے نتیجے میں پاکستانی حکام کو تقریباً 1 ارب ڈالر کے برابر رقم حاصل کرنے کی اجازت ملی۔
Comments