چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا مقصد ملک کی ڈیجیٹل معیشت کے مستقبل پر تبادلہ خیال کرنا تھا جس میں بلاک چین، کرپٹو کرنسی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

اس ملاقات میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اقتصادی استحکام اور عالمی اہمیت کے لیے اہم ذرائع کے طور پر اپنانے پر زور دیا گیا۔ گفتگو کا مرکزی نقطہ یہ تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اس تبدیلی کا اہم حصہ بننا چاہیے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان کرپٹو کونسل اس لیے بنی ہے کیونکہ ہماری نوجوان نسل عالمی ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنا مقام چاہتی ہے۔ ہم ایک ایسی نسل کے لیے کام کر رہے ہیں جو ڈیجیٹل فنانس، ڈی سینٹرلائزیشن اور مصنوعی ذہانت کو خطرے کے طور پر نہیں بلکہ قوم کی قیادت، اختراع اور بہتری کے مواقع کے طور پر فروغ دے۔

بلال بن ثاقب نے پی سی سی کی اہم پیشرفت کا اشتراک کیا جن میں ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی پاکستان آمد، بائننس کے بانی چینگ پینگ ژاؤ کا دورہ، ضابطہ سازی کے مشورے، بین الاقوامی تعاون، اور نوجوانوں پر مرکوز نقطہ نظر شامل تھے تاکہ ایک ڈیجیٹل حوالے سے ماہر اورعالمی سطح پر ہم پلہ نسل تیار کی جا سکے۔ انہوں نے مستبقل کے روڈ میپ کی تفصیل بیان کی جس کا ہدف پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل مالیاتی ماحولیاتی نظام میں جدت کو تیز کرنے اور وسیع تر مواقع سامنے لانا ہے۔

ان کوششوں کے تحت ایک اہم ترقی میں، وزارت خزانہ نے بدھ کے روز ڈیجیٹل اثاثوں کو ریگولیٹ کرنے اور پاکستان کی ورچوئل ایسٹس اکانومی کی ترقی تیز کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پیش کی۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا حکومت نے ایک خصوصی ادارہ پاکستان ڈیجیٹل ایسٹس اتھارٹی (پی ڈی اے اے) کے قیام کی منظوری دی ہے جس کا مقصد بلاک چین پر مبنی مالیاتی انفراسٹرکچر کی نگرانی کرنا ہے۔

بیان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل تبدیلی کے قریب ہے۔ پاکستان ڈیجیٹل ایسٹس اتھارٹی (پی ڈی اے اے) کے قیام کے ساتھ ہم ورچوئل اثاثوں کے لیے ایک محفوظ، جدید اور شمولیتی ماحولیاتی نظام تخلیق کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارا مقصد پاکستان کو بلاک چین کے ضابطے، ڈیجیٹل فنانس اور ذمہ دارانہ جدت طرازی میں ایک علاقائی رہنما کے طور پر منسلک کرنا ہے جو ہمارے نوجوانوں کو بااختیار بنائے اور عالمی سرمایہ کاری کو اپنی طرف راغب کرے۔

پی ڈی اے اے سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ 300 ارب ڈالر کے غیر رسمی کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے گا، قومی اثاثوں اور حکومتی قرضوں کی ٹوکنائزیشن کو آسان بنائے گا، عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں کے لیے قانونی وضاحت فراہم کرے گا، اور پاکستان کی اضافی بجلی کو ریگولیٹڈ بٹ کوائن مائننگ کے ذریعے مونیٹائز کرے گا۔ اس کے علاوہ، اتھارٹی جدت کے لیے بہترین طریقوں کو فروغ دینے، اقتصادی شمولیت کو یقینی بنانے، اور نوجوانوں اور اسٹارٹ اپس کو بلاک چین پر مبنی حل بڑے پیمانے پر تیار کرنے کے لیے بااختیار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

پی ڈی اے اے سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ 300 ارب ڈالر کے غیر رسمی کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے گا جبکہ قومی اثاثوں اور حکومتی قرضوں کو ڈیجیٹل طور پر پیش کرنے کو آسان بنائے گا، عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں کو قانونی وضاحت فراہم کرے گا اور پاکستان کی اضافی بجلی کو ریگولیٹڈ بٹ کوائن مائننگ کے ذریعے آمدن کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، اتھارٹی کا مقصد جدت طرازی کے بہترین طریقوں کو فروغ دینا، اقتصادی شمولیت کو یقینی بنانا اور نوجوانوں اور اسٹارٹ اپس کو بلاک چین پر مبنی حل تیار کرنے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔

پاکستان اپنی وسیع تر قومی حکمت عملی کے تحت اپنے اضافی بجلی کا ایک حصہ بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کو مختص کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جس کے ذریعے وہ خود کو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لیے ایک علاقائی مرکز کے طور پر قائم کرے گا۔

یہ ملاقات بلال بن ثاقب کے بٹ کوائن 2025 کانفرنس میں شرکت سے پہلے ہوئی، جو لاس ویگاس میں ہوگی۔ اس کانفرنس میں وہ کرپٹو کرنسی، بلاک چین انفراسٹرکچر اور مصنوعی ذہانت کے عالمی رہنماؤں کے ساتھ اسٹیج پر خطاب کریں گے۔ اس ایونٹ میں اعلیٰ سطح کے شرکاء شامل ہوں گے جن میں امریکی نائب صدر جے ڈی ونس، ایرک ٹرمپ، ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، بو ہائنس (ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پریذیڈنشل کونسل آف ایڈوائزرز آن ڈیجیٹل ایسٹس)، ڈیوڈ سیکس (وائٹ ہاؤس اے آئی اور کرپٹو زار)، مائیکل سیلر (ایگزیکٹو چیئرمین اور مائیکرو اسٹریٹجی کے کو-فاؤنڈر)، سینیٹر سنیتھیا لامِس (یو ایس سینیٹ)، اور برائن اسٹائل (رکن کانگریس، یو ایس ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز) شامل ہوں گے۔

بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ قومی قیادت کی حمایت کے ساتھ، ہم اب فیصلہ کن انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کی نوجوان نسل صرف مستقبل میں حصہ نہیں لیں گے—وہ آج کی تبدیلی کے رہنما ہیں، ہمارا مشن انہیں عالمی سطح پر قیادت کرنے کے لیے ضروری آلات، تعلیم اور پلیٹ فارمز فراہم کرنا ہے۔

پاکستان کرپٹو کونسل کرپٹو پالیسی، جدت، نوجوانوں کی بااختیاری، اور کرپٹو اور بلاک چین میں عالمی سطح پر مشغولیت کے لیے ایک قومی طاقت کے طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان میں 50 ملین سے زائد کرپٹو صارفین ہیں، اور سالانہ تجارتی حجم 300 ارب ڈالر سے تجاوز کرتا ہے۔ ملک کرپٹو کو اپنانے میں مسلسل عالمی سطح پر ٹاپ 5 میں شامل ہے جو کہ اس کے ڈیجیٹل اثاثوں کے ساتھ مضبوط عوامی تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔

پاکستان کی 240 ملین کی آبادی میں سے 70 فیصد افراد 30 سال سے کم عمر ہیں جو نہ صرف کرپٹو اپنانے کے لیے ایک انتہائی سازگار آبادیاتی صورتحال ہے بلکہ یہ پاکستان کو بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس جدت کے لیے ابھرتی مارکیٹوں میں سے ایک بہت پرامید ملک کی حیثیت دے رہا ہے۔

پاکستان دنیا کی تیسری سب سے بڑا فری لانس مارکیٹ بھی ہے جو اس کی متحرک اور کاروباری ڈیجیٹل ورک فورس کو اجاگر کرتا ہے۔ ہر سال 50,000 سے زائد آئی ٹی گریجویٹس ورک فورس کا حصہ بنتے ہیں جو ملک کی بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی سے آگاہ نوجوان نسل میں اضافہ کرتے ہیں جو جدت کو آگے بڑھانے اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

Comments

200 حروف