حکومت نیٹ میٹرنگ کے نئے کنکشنز کے لیے درخواستوں کے عمل کو آسان اور ڈیجیٹلائز بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ یہ بات منگل کو معلوم ہوئی ہے۔

وزارت توانائی کے جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے توانائی کے وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے پیر کو ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں نئے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

بیان میں وزیرتوانائی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس عمل میں درپیش مسائل کا فوری اور موثر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

بیان کے مطابق توانائی کے وزیر نے نئی درخواستوں کے عمل کو سادہ، شفاف اور صارف دوست بنانے پر زور دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کو نئے پورٹل کے بارے میں ضروری تربیت فراہم کی جائے گی اور عملی مظاہرے بھی کروائے جائیں گے۔

سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ایک آگہی پروگرام تیار کیا جانا چاہیے تاکہ بجلی کے صارفین کو پورٹل کے استعمال اور اس کی شفافیت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔

رواں سال کے شروع میں حکومت نے نیٹ میٹرنگ بجلی کی خریداری کی شرح 27 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 10 روپے فی یونٹ کرنے کا اعلان کیا تھا، اس فیصلے کو “سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافے اور اس کے نتیجے میں گرڈ صارفین پر مالی اثرات سے جوڑا گیا تھا۔

تاہم شدید تنقید کے بعد حکومت نے سولر نیٹ میٹرنگ ضوابط پر مشاورت کے دائرے کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مزید فیڈ بیک حاصل کرنے کے بعد یہ سفارشات دوبارہ وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments

200 حروف