وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات، علاقائی امور اور بالخصوص جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، سعودی وزیر ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشکل اوقات میں سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہا۔

علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارت کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی، جو پاکستانی سرزمین پر کیے گئے اور جن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید ہوئے جبکہ شہری انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وطن کے دفاع میں پاک افواج کے ”مثالی عزم اور جرات“ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان کی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

سعودی وزیر نے شہری جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کشیدگی میں کمی کے لیے سعودی عرب کے مطالبے کو دہراتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تمام تصفیہ طلب مسائل کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پُرامن طریقے سے حل کریں۔

Comments

200 حروف