پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ہفتے کو اعلان کیا ہے کہ ملکی فضائی حدود اتوار (11 مئی) دوپہر 12 بجے تک بند رہے گی۔
پی اے اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فضائی حدود ہر قسم کی پرواز کے لیے بند رہے گی۔
اس سے قبل ہفتے کی علی الصبح پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے تحت بھارت کے متعدد فوجی مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
پاکستان نے اس کارروائی میں استعمال ہونے والے الفتح میزائلوں کے نام ان بچوں کے نام پر رکھے ہیں جو بھارتی میزائل حملوں میں شہید ہوئے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق، نشانہ بنائی گئی بھارتی تنصیبات میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ، ادھم پور میں ایئربیس، آدم پور میں بھارت کا ایس-400 سسٹم اور دیگر مقامات شامل ہیں۔پاکستان کی جانب سے ان تمام بھارتی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا جو پاکستانی عوام اور مساجد پر حملوں کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔
زیادہ تر بھارتی ویب سائٹس، جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سرکاری ویب سائٹ اور بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی ویب سائٹ بھی شامل ہیں، ہیک کرلی گئیں۔
پاکستان نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات کو اپنی تین ایئربیسز پر بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں بھارت کے خلاف جوابی کارروائی شروع کی۔
Comments