ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعرات کو کہا ہے کہ بھارت نے بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں تین میزائل خود گرائے تاکہ حملے کا الزام پاکستان پر ڈالا جا سکے۔

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے لگائے گئے سرحد پار جارحیت کے الزامات کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ تو کوئی ڈرون حملہ کیا ہے اور نہ ہی بھارتی پنجاب میں کسی شہری علاقے کو نشانہ بنایا ہے، پاکستان کبھی بھی بھارت کی شہری آبادی کو خطرے میں نہیں ڈالے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ اور جاری الزامات سامنے آئے ہیں۔

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ رات سے اب تک 29 بھارتی ڈرونز مار گرائے ہیں جن میں سے کئی لاہور، راولپنڈی اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں گرائے گئے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ذمہ داری سے کام کرتا رہے گا اور اپنی مرضی کے وقت اور انداز میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

Comments

200 حروف