وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے بھارت کے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی جس میں 31 پاکستانی شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنے دفاع میں کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مارک روبیو کو بتایا کہ بھارت کے حملوں سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہوئی ہے جبکہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی حالیہ فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ”بلااشتعال جنگی اقدامات“ قرار دیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کا دفاع کرے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اظہارِ تشویش کو سراہا۔
اس موقع پر مارک روبیو نے واشنگٹن کی جانب سے بحران پر گہری نظر رکھنے سے آگاہ کیا۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفارتی تبادلہ دونوں فریقوں کے درمیان رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
Comments