پاکستان نے 25 بھارتی ڈرونز مار گرائے، حملے میں ایک شہری شہید، ڈی جی آئی ایس پی آر
- پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہارپ ڈرونز کا ملبہ برآمد
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے دوران پاکستان آرمی نے ایک بھارتی ڈرون مار گرایا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شہری شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر نے آج ایک بیان میں کہا کہ پاک فوج نے اپنی مکمل تکنیکی (سافٹ کل) اور مسلح (ہارڈ کل) صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے اسرائیلی ساختہ 25 ہارپ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 مئی کی رات بھارت نے بزدلانہ کارروائی کی، جس میں بھارت کے 5 جدید طیارے، ڈرونز، متعدد چوکیاں تباہ ہوئیں اور کئی بھارتی فوجی ہلاک ہوئے، کے بعد بھارت جھنجھلاہٹ اور گھبراہٹ میں مبتلا ہو کر اب اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرونز کے ذریعے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔
قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ شب بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک اور کھلی جارحیت کرتے ہوئے متعدد مقامات پر ڈرونز بھیجے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون لاہور میں ایک فوجی ہدف سے ٹکرا گیا.
جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 اہلکار زخمی ہوئے اور کچھ نقصان بھی ہوا، جبکہ میانوں میں ایک شہری جاں بحق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے متعدد ڈرونز کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں مار گرایا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ڈرونز کا ملبہ لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، میانوں، چھور اور کراچی کے قریب سے اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بھارتی فوج کو لائن آف کنٹرول پر پانچ جدید طیارے تباہ ہونے، بھاری جانی نقصان اور نقصان دہ نتائج کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منطقی رویہ اختیار کرنے کے بجائے، بھارت ایک انتہائی کشیدہ ماحول میں مزید اشتعال انگیزی کر رہا ہے تاکہ بھارتی حکومت کے تکبر پسند ذہن کو تسکین دی جا سکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اختتام پر کہا کہ پاک افواج ہر قسم کے خطرے کے لیے مکمل طور پر چوکنا ہیں، اور جیسے ہی مزید اپڈیٹس ملیں گی، میں آپ کو آگاہ کرتا رہوں گا۔
واضح رہے کہ بدھ کی علی الصبح بھارت کے چھ مختلف مقامات پر کیے گئے میزائل حملوں میں کم از کم 31 افراد شہید اور 57 زخمی ہوئے۔
بدھ کی شب ایک پریس کانفرنس میں آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا کہ بھارت نے نہتے شہریوں، بشمول بچوں، کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی افواج نے بھارتی ڈرونز اور لڑاکا طیاروں کو بھی مار گرایا، جبکہ تمام پاکستانی طیارے محفوظ رہے۔
فضائی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی میزائل حملوں سے شہید ہونے والوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لینے کے لیے پرعزم ہے اور دشمن کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کی پیش کش کی تھی لیکن بھارت نے اس کا جواب نہیں دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس کے بجائے انہوں نے ہماری سرزمین کے اندر میزائل داغے، یہ سوچ کر کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے اور جوابی کارروائی نہیں کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ بھارت بھول گیا کہ یہ بہادروں کی قوم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے پر مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے ایک بار پھر روایتی جنگ میں دشمن پر اپنی برتری ثابت کردی ہے۔
Comments