چین دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں میڈیکل سٹی بنانے کا منصوبہ بنارہاہے، سندھ حکومت
چین کے ایک تجارتی وفد نے سندھ کے شہر ٹھٹہ میں واقع دھابیجی اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) میں ایک ارب ڈالر کی لاگت سے میڈیکل سٹی قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر کے ہمراہ 12 بڑی چینی کمپنیوں کے اعلیٰ سطح وفد نے بدھ کے روز دھابیجی ایس ای زیڈ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔
محکمہ سرمایہ کاری سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینی تجارتی وفد نے کارگو، الیکٹرانک گاڑیاں، کھاد، فارماسیوٹیکل، خوراک اور مشروبات، سولر اورونڈ انرجی، لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی وفد نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں ایک ارب ڈالر کی لاگت سے میڈیکل سٹی کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
مزید برآں وفد نے مقامی شراکت داروں کے تعاون سے سولر پلیٹس، سولر انورٹر اور سولر بیٹریاں بنانے کے لیے فیکٹریاں قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کھاد بنانے کے لیے ایک فیکٹری قائم کرنے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران قاسم نوید قمر نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ترجیحی منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار اور قابل فخر دوستی کی ایک نمایاں علامت ہے۔
قاسم نوید قمر نے چینی وفد کو بتایا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں ہر قسم کی صنعتی، تجارتی اور رہائشی سہولتوں کے لیے اراضی مختص کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے پرکشش اور وسیع مواقع موجود ہیں۔
سید قاسم نوید قمر نے دھابیجی زون کے اسٹریٹجک فوائد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بندرگاہ، سڑک اور ریلوے نیٹ ورک کے حوالے سے اس کا اہم مقام ہے، یہ زون صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لحاظ سے صوبے میں سب سے اہم اقتصادی زون ثابت ہوگا۔
اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ راجہ خرم شہزاد، سندھ اکنامک زون مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عبدالعظیم عقیلی، سی ای او گلوبل وینچرز ادریس جیجی اور محکمہ سرمایہ کاری سندھ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
Comments