سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہفتے کو اسرائیلی فضائی حملے میں مرکزی بیروت کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں لبنانی دارالحکومت میں شدید نقصان ہوا ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیروت کے علاقے بستا میں ہونے والے اس حملے میں کم از کم چار افراد شہید اور 23 زخمی ہوگئے ہیں۔

لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی نے ہفتے کی علی الصبح بتایا کہ اس حملے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے کی اطلاع ہیں ،اس کے ساتھ ایک 8 منزلہ عمارت بھی تباہ ہوگئی۔ لبنان کے الجدید اسٹیشن کی جانب سے نشر کی جانے والی فوٹیج میں کم از کم ایک تباہ شدہ عمارت اور اس کے ارد گرد کئی دیگر کو نقصان پہنچا ہے۔

رائٹرز کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے کے قریب ہوئے۔ حملے میں کم از کم چار بم گرائے گئے۔

رواں ہفتے بیروت کے مرکزی علاقے کو نشانہ بنانے والا یہ چوتھا اسرائیلی فضائی حملہ ہے، جہاں اسرائیل کے زیادہ تر حملے جنوبی مضافات کو نشانہ بنا کر کیے گئے ہیں۔ اتوار کو ایک اسرائیلی فضائی حملے میں وسطی بیروت کے ضلع راس النبا میں حزب اللہ کا ایک میڈیا اہلکار مارا گیا تھا۔

اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات میں فضائی حملوں میں اپنے دیرینہ دشمن حزب اللہ کے کئی رہنماؤں کومار ڈالا ہے۔

اسرائیل نے غزہ جنگ کی وجہ سے تقریبا ایک سال تک سرحد پار دشمنی کے بعد ستمبر میں لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کا آغاز کیا تھا جس میں لبنان کے وسیع علاقوں کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا گیا اور جنوب میں فوج بھیجی گئی تھی۔

ایک امریکی ثالث نے جنگ بندی کو یقینی بنانے کی کوشش میں اس ہفتے لبنان اور اسرائیل کا دورہ کیا۔ اسرائیلی سفیر آموس ہوچسٹائن نے منگل اور بدھ کو بیروت میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز سے ملاقاتوں کے بعد مثبت پیش رفت کا اشارہ دیا تھا۔

Comments

200 حروف