انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی نے جمعرات کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو 28 ستمبر کے توڑ پھوڑ کیس میں پانچ روز ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس عمران سے اڈیالہ جیل میں پوچھ گچھ کرے گی۔

مقدمے کی سماعت جج امجد علی شاہ نے جیل میں کی جہاں عمران خان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

راولپنڈی پولیس نے تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمہ نمبر 2831 میں عدالت سے عمران خان کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

استغاثہ کی جانب سے ظہیر شاہ نے ریمانڈ کے حق میں دلائل پیش کیے۔ عمران خان کی قانونی ٹیم نے اس درخواست کی مخالفت کی۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نئے توشہ خانہ کیس میں 10، 10 لاکھ روپے کے دو مچلکوں پر ضمانت منظور ہونے کے چند گھنٹوں بعد پی ٹی آئی کے بانی کو پولیس نے بدھ کے روز مذکورہ کیس میں گرفتار کیا تھا۔

Comments

200 حروف