مارکٹس

سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

بین الاقوامی مارکیٹ میں نرخ بڑھنے کے تناظر میں بدھ کے روز پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری...
شائع October 30, 2024

بین الاقوامی مارکیٹ میں نرخ بڑھنے کے تناظر میں پاکستان میں بدھ کے روز بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 900 روپے اضافے سے 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے ہوگئی جو پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 486 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 46 ہزار 828 روپے ہوگئی۔

منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار 600 روپے اضافے سے 2 لاکھ 85 ہزار روپے ہوگئی تھی۔

دریں اثنا بدھ کے روز سونے کی بین الاقوامی قیمت میں اضافہ ہوا۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر بڑھنے کے بعد 2,784 ڈالر ہوگئی۔

چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 350 روپے پر مستحکم رہی۔

گزشتہ ہفتے سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 85 ہزار 400 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

حالیہ ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے کیونکہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات اور آئندہ امریکی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے محفوظ اثاثوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

سونے کو معاشی اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے خلاف ایک حفاظتی حصار یعنی محفوظ اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔

Comments

200 حروف