گزشتہ سیشن میں کمی کے بعد جمعہ کو بین الاقوامی مارکیٹ میں نرخ بڑھنے کے سبب پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 900 روپے اضافے سے 2 لاکھ 65 ہزار 900 روپے ہوگئی جو پاکستان میں حالیہ ریکارڈ بلند ترین قیمت ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 486 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 27 ہزار 966 روپے ہوگئی۔

جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 63 ہزار روپے ہوگئی تھی۔

دریں اثنا جمعہ کو سونے کی بین الاقوامی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق عالمی قیمتوں میں 51 ڈالر کے اضافے کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 2,566 ڈالر ہوگئی ہے۔

چاندی کی فی تولہ قیمت 50 روپے اضافے سے 2 ہزار 950 روپے ہوگئی۔

گزشتہ ماہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 63 ہزار 700 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جبکہ 11 ستمبر کو یہ 2 لاکھ 64 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

Comments

200 حروف