مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے یونی لیور پاکستان پر ’ لائف بوائے (کیئر اینڈ پروٹیکٹ) صابن’ اور ’لائف بوائے ہینڈ واش‘ کے بارے میں ٹیلی ویژن اشتہارات کے ذریعے گمراہ کن دعوے نشر کرنے پر 6 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

کمیشن کے بینچ نے مسابقتی ایکٹ 2010 کی دفعہ 10 کی پہلی شق کی خلاف ورزی پر یونی لیور پاکستان کو جاری شوکاز نوٹس سے متعلق کارروائی نمٹادی جو کاروباری اداروں کو گمراہ کن معلومات یا جھوٹے دعووں پر مبنی گمراہ کن مارکیٹنگ کے ہتھکنڈوں میں ملوث ہونے سے روکتی ہے۔

بیان کے مطابق دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کے خلاف پابندی کا نفاذ سی سی پی کے بنیادی اختیارات میں سے ایک ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن صارفین کو گمراہ کن معلومات سے بچاتا ہے اور حریف کاروباری اداروں کو مسابقت مخالف طرز عمل سے بھی بچاتا ہے جس سے اداروں کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچ سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ریکٹ اینڈ بینکیزر کی جانب سے لائف بوائے صابن اور ہینڈ واش جیسی مصنوعات کے حوالے سے جمع کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر سی سی پی نے یونی لیور پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے اپنی مصنوعات سے متعلق دعوؤں کی تحقیقات کیں جن میں ’جراثیم سے 100 فیصد تحفظ کی ضمانت‘، ’جراثیم سے بچاؤ کیلئے دنیا کا نمبر 1 صابن‘ اور ’10 سیکنڈ میں 99.9 فیصد جراثیم سے تحفظ‘ شامل ہیں۔ ان دعووں کے بارے میں اعلانات انتہائی چھوٹے حروف میں درج تھے جو شاید ہی قابل توجہ تھے۔

جس پر یونی لیور پاکستان لمیٹڈ کو اپنی مصنوعات کے بارے میں جھوٹے دعوے کرکے صارفین کو گمراہ کرنے اور دیگر کاروباروں کو نقصان پہنچانے کا مرتکب پایا گیا۔

کمیشن کے حکم میں مسابقتی ایکٹ کی دفعہ 10 کی پانچ مختلف خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

حفظان صحت سے متعلق دعووں کو قابل اعتماد سائنسی شواہد سے ثابت نہیں کیا گیا تھا۔ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شوکاز نوٹس جاری ہونے کے باوجود یونی لیور دھوکہ دہی کے عمل میں ملوث رہی۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے کے لحاظ سے یونی لیور کے دھوکہ دہی کے طریقے مختلف ہیں کیوں کہ سعودی عرب، برطانیہ اور بنگلہ دیش جیسے ممالک میں ایک ہی پروڈکٹ کے لیے مختلف الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں۔

سب سے زیادہ دھوکہ دہی پاکستان میں پائی گئی جسے کمیشن نے ناقابل قبول قرار دیا۔

سی سی پی نے یونی لیور کو دھوکہ دہی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 6 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد عائد کیا اور اسے 30 دن کے اندر سی سی پی کے رجسٹرار کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Comments

200 حروف