پاکستان

وزیر اعظم نے چینی صنعتی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ایکشن پلان مانگ لیا

٭چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب
شائع May 31, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان میں صنعتی یونٹس لگانے کے حوالے سے چینی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایکشن پلان تیار کریں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں جمعے کے روز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے 4 جون سے شروع ہونے والے اپنے دورہ چین میں دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز بزنس ٹو بزنس میٹنگز کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کو دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاکستان کے صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور تاجروں کا ایک وفد بھی وزیراعظم شہباز شریف کے چینی شہر شینزن کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ ہوگا۔ بتایا گیا کہ وفد چینی تاجر برادری سے ملاقات کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ پر بات چیت کرے گا۔

وزیراعظم نے بیجنگ میں موجود پاکستانی سفیر کو پاکستانی تجارتی وفد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قبل ازیں دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ چین ملٹی بلین ڈالر کے منصوبے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تعاون کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کرے گا جو بیجنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا کلیدی حصہ ہے۔

Comments

200 حروف