پاکستان

ڈیجیٹل دہشت گردی کو مکمل شکست دی جائے گی، فوج

  • چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔
شائع May 30, 2024 اپ ڈیٹ May 31, 2024

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرِصدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ریاستی اداروں کے خلاف سیاسی محرکات پر مبنی ڈیجیٹل دہشت گردی، جو ان کے غیر ملکی ساتھیوں کی طرف سے ریاستی اداروں کے خلاف شروع کی گئی ہے، کا واضح طور پر مقصد پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا، قومی اداروں، خاص طور پر مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے درمیان جھوٹ پھیلا کر اختلافات پیدا کرنا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورم کو جغرافیائی اسٹرٹیجک ماحول کی حرکیات، قومی سلامتی کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز اور کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لئے فوج کی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ شرکاء کو فوج کو جدید بنانے اور تیزی سے بدلتے ہوئے آپریشنل ماحول کے مطابق فیلڈ فارمیشنز کو لاجسٹک سپورٹ کو بہتر بنانے کے لئے تکنیکی اختراعات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

پاکستان کے مخالفین افغان سرزمین استعمال کررہے ہیں

فورم نے سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین افغان سرزمین کو پاکستان میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

فورم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع (این ایم ڈیز) کے عوام کی قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کو فیصلہ کن طور پر شکست دینے کے لئے این ایم ڈیز کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

9 مئی کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے

دریں اثنا فورم نے نوٹ کیا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9 مئی کے مجرموں کے خلاف فوری ، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔

فورم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا

فورم نے معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالتی قتل کے تازہ ترین واقعات کا جائزہ لیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فورم نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ۔

مزید برآں فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔

کانفرنس نے غزہ کی پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام کارروائیوں کو روکنے کے بین الاقوامی عدالت کے فیصلے کی بھی حمایت کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس کا اختتام ملک کی سلامتی اور استحکام کو درپیش تمام خطرات کو بے اثر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہوا۔

Comments

200 حروف